چنئی، 15؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )انا ڈی ایم کے کی جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا نے جے جے للتا کی طرف پارٹی سے پانچ سال پہلے باہر کئے گئے اپنے قریبی رشتہ دار ٹی ٹی وی دناکرن اور ایس وینکٹیش کو آج پھر سے پارٹی میں شامل کر لیاہے ۔بدعنوانی کے معاملہ میں مجرم ٹھہرائے جانے کے ایک دن بعد ششی کلا نے یہ اہم قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا کہ سابق راجیہ سبھا رکن دناکرن کو پارٹی کا نائب جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے اور انہوں نے پارٹی کارکنوں سے ان کا تعاون کرنے کو کہا۔ششی کلا نے کہا کہ دونوں کی طرف سے ذاتی طور پر اور خط کے ذریعے معافی مانگے جانے کے بعد انہیں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔ششی کلا نے یہاں ایک بیان میں کہاکہ دناکرن اور وینکٹیش نے اپنے کاموں کے لیے انفرادی طور پر اور خط لکھ کر معافی مانگی اور انہیں پارٹی میں دوبارہ شامل کئے جانے کی درخواست کی ،جس کے بعد انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی ہے ۔آنجہانی سابق وزیر اعلی جے للتا نے 2011میں ششی کلا اور ان کے شوہر ایم نٹراجن کے علاوہ دناکرن اور وینکٹیش کو پارٹی سے نکال دیا تھا، پارٹی اور حکومتی انتظامیہ میں مداخلت کرنے کی خبروں کے پیش نظرانہیں پارٹی سے نکالا گیا تھا۔ششی کلا کو آمدنی کے معلوم ذرائع سے زیادہ اثاثہ کے معاملے میں کل مجرم ٹھہرایا گیا تھا۔سپریم کورٹ نے نچلی عدالت کے فیصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے ان کو اور ان کے دو رشتہ داروں کو چار سال قید کی سزا سنائی تھی۔دناکرن انا ڈی ایم کے کی اس 12رکنی ٹیم کا حصہ تھے جس نے گورنر چودھری ودیاساگر راؤ سے ملاقات کے کے حکومت کی تشکیل کا دعوی کیا تھا۔ششی کلا نے وزیر اعلی او پنیرسیلوم سمیت پارٹی سے باغی لیڈروں کوبرخاست کر دیا تھا لیکن انہوں نے ششی کلا کے اس حق پر سوال اٹھایا تھا اور کہا تھا کہ ان کے پاس کسی کو مقرر کرنے یا ہٹانے کا حق نہیں ہے۔